لاہور کے ڈاکٹر لکشمن سروپ، جن کی خدمات کے اعتراف میں بالیول کالج، آکسفورڈ یونیورسٹی کی عمارت کا نام رکھا گیا ہے
آزادی سے پہلے کا لاہور سنسکرت زبان و ادب کی اشاعت و ترویج کا مرکز رہا ہے۔ منروا بک کلب، سنسکرت ریڈرز، مہر چند لچھمن داس، پنجاب سنسکرت ہاؤس، راما اینڈ کرشنا سنز بکس اور وید نواس لاہور میں سنسکرت کے معروف کتاب گھروں میں شامل تھے۔

انیسویں صدی کے آخری ربع میں : ڈی اے وی کالج، گورنمنٹ کالج، اورینٹل کالج اور سناتن دھرم کالج لاہور کے قیام کے باعث سنسکرت کی علمی و ادبی سرگرمیوں میں سرعت آ گئی۔ مغربی تعلیم یافتہ ماہرین (لائٹنر، آرل شٹائن، سٹرائٹن، سٹائن، وولنر) کے ساتھ مقامی علمائے سنسکرت (پنڈت گورو پرشاد، مہامہاؤ پادیہ سیوادت، پنڈت راجا رام، ڈاکٹر بنارسی داس، دیو سنتوش، سوریا کانت، وشوا بندھو) کی بڑی کھیپ نے اہم منصوبوں کا ڈول ڈالا۔ سنسکرت کے رسائل نکالے گئے، کلاسیکی متون کی تدوین ہوئی، سبھائیں بنی اور اس قدیمی و تاریخی زبان کو نئے سائنسی اصولوں کے مطابق ڈھالا جانے لگا۔ تقریباً اسی زمانے (1915ء) میں لاہور کے ایگزیبیشن روڈ کے جنوب میں واقع منروا بک کلب کا قیام میں وجود میں آیا۔
منروا کتاب گھر کے علاوہ منروا کلب بھی متعارف کروایا گیا، جس کے ہفتہ وار اجلاس اورینٹل کالج اور گورنمنٹ کالج لاہور میں منعقد ہوتے تھے۔ اگرچہ ڈاکٹر اے سی وولنر (پرنسپل اورینٹل کالج، رجسٹرار پنجاب یونیورسٹی، ممبر ایشیاٹک لائبریری، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی) کو منروا بک کلب اور منروا کلب کا بانی سمجھا جاتا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے، اس علمی سبھا کا خیال پہلے پہل وولنر کے بیس سالہ نو عمر اور ہونہار شاگرد لکشمن سروپ کے ذہن میں آیا تھا۔ وولنر اور ان کی چہیتی بیوی (مسز وولنر، میری ایمیلی بلینڈ) ہندوستانی شاگردوں کی بہت قدر اور عزت افزائی کرتے تھے۔

لکشمن سروپ نے اگرچہ زیادہ عمر نہیں پائی اور محض پچاس سال میں انتقال کر گئے لیکن ان کی علمی قابلیت کا سفر اکیسویں صدی کی تیسری دہائی تک چلا آیا ہے۔ 2021ء میں آکسفورڈ یونی ورسٹی کے قدیم ترین ادارے، بالیول کالج کی عمارت کے ایک حصے (C1) کا نام بھی ڈاکٹر لکشمن سروپ کے نام پر رکھا گیا۔ ملحوظ رہے، لکشمن سروپ بالیول کالج، آکسفورڈ یونیورسٹی سے ڈی فل (D.phil) کرنے والے پہلے ہندوستانی تھے۔ 1917ء کے آغاز میں جرمنی کے تتبع میں برطانیہ میں پہلی بار ڈی فل کی ڈگری کا آغاز کیا گیا۔ ڈی فل کی ڈگری میں دو ہی طلباء شامل تھے۔ لکشمن سروپ کے علاوہ دوسرے طالب علم کا تعلق نیوزی لینڈ سے تھا۔
یاد رہے، بالیول کالج (Balliol College) کا شمار آکسفورڈ یونیورسٹی کے قدیم ترین کالجوں میں ہوتا ہے۔ کالج کی بنیاد تقریباً 1263ء سے 1268ء کے درمیان رکھی گئی۔ پندرھویں صدی کی اہم شخصیت ولیم گرے (William Gray) کا تعلق بھی بالیول کالج سے رہا ہے۔ بالیول کالج کے مخطوطات اور قلمی نسخوں پر مشتمل لائبریری کو دنیا بھر میں اہم ترین اور قدیم ترین مانا جاتا ہے۔

ڈاکٹر لکشمن سروپ 1894ء کو مظفر نگر میں پیدا ہوئے۔ سات برس کی عمر میں ان کے والد فیروزپور، پنجاب میں چلے آئے۔ یہ ہجرت سروپ کی زندگی میں اہم ترین ثابت ہوئی۔ انھیں ڈی اے وی اور اورینٹل کالج لاہور میں پڑھنے کا موقع ملا۔ ان کی علمی قابلیت اور سنسکرت زبان سے لگاؤ کا یہ عالم تھا کہ محض بائیس سال کی عمر میں ان کا تقرر بہ طور وید پروفیسر، ڈی اے وی ہو گیا۔ اسی سال انھیں سرکار انگلشیہ کی طرف سے انگلستان جا کر پڑھنے کا موقع ملا۔ قیام انگلستان کے دوران ان کی شخصیت کو پھلنے پھولنے کے گراں قدر مواقع ملے۔
لکشمن سروپ 1916ء کے آخر میں آکسفورڈ پہنچے۔ 1919ء میں انھیں یاسکا (Yāska) کی قدیم سنسکرت تصنیف نِرُکت (Nirukta) اور اس سے متعلق لغوی مجموعے نِگھنٹو (Nighaṇṭu) کی تنقیدی تدوین پر ڈی فل کی ڈگری عطا کی گئی۔ متذکرہ بالا دونوں متون کا تعلق نہایت اہم خیال کیا جاتا ہے۔ نِگھنٹو ویدی الفاظ کا ذخیرہ فراہم کرتا ہے، جب کہ نِرُکت ان الفاظ کی لغوی و اشتقاقی توضیح پیش کرتا ہے۔ یاسکا نے اس تصنیف میں لفظوں کے معنی متعین کرنے اور ان کی اصل تک پہنچنے کے لیے باقاعدہ لسانی اصول وضع کیے ہیں۔ لکشمن سروپ کے مقالے میں جدید لسانیات (Modern Linguistics) کی تشکیل و ارتقاء میں قدیم ہندوستان و یونان کے علمی و فکری مصادر کی کھوج لگائی گئی ہے۔ تحقیق کے ذریعے ثابت کیا گیا ہے کہ یاسکا کی ساتویں اور پانچویں صدی قبل مسیح (700–500 BCE) کے درمیان لکھی جانے والی تصنیف کا جدید لسانیات کے مطالعے اور تفہیم سے کتنا گہرا تعلق ہے۔
لکشمن سروپ کے تحقیقی مقالے کی نگرانی پروفیسر آرتھر میکڈونل (Arthur Macdonell) نے کی، جو اپنے عہد کے ممتاز ترین اہلِ علم میں شمار ہوتے تھے۔ میکڈونل آکسفورڈ یونیورسٹی میں سنسکرت کے بوڈن پروفیسر (Boden Professor of Sanskrit) ہونے کے ساتھ ساتھ بالیول کالج (Balliol College) کے فیلو بھی تھے۔
پروفیسر میکڈونل بھی ہندوستان میں پیدا ہوئے تھے۔ مظفر نگر میں بنیادی تعلیم حاصل کرنے کے بعد انھیں جرمنی بھیجوا دیا گیا۔ جرمنی میں میکڈونل نے سنسکرت زبان و ادب پر اپنی بے پایاں تحقیق کا آغاز کیا جو بالآخر انھیں 1899ء میں آکسفورڈ میں بہ طور بوڈن پروفیسر لے آئی۔ اورینٹل کالج لاہور کے معروف ماہرِ سنسکرت اے سی وولنر، ٹرینٹی کالج میں میکڈونل کے چہیتے شاگردوں میں شامل تھے۔ وولنر نے اپنی معروف کتاب An Introduction to Prakrit
کا انتساب بھی آرتھر انتھونی میکڈونل کے نام کیا ہے۔ میکڈونل و وولنر کا یہی علمی انسلاک اگلی نسل کے نوجوان لکشمن سروپ تک چلا آیا۔
آکسفورڈ کے ریکارڈ میں لکشمن سروپ کو بہترین کرکٹر لکھا گیا ہے۔ وہ آکسفورڈ کی کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی رہے۔ ڈاکٹر لکشمن سروپ کی ابتدائی تعلیم مسلمانوں کے مدرسے میں ہوئی تھی۔ عربی فارسی کا ذوق گھٹی میں شامل تھا۔ آکسفورڈ میں انھیں فارسی و عربی کو مزید صیقل کرنے کا موقع ملا۔ مشرقی زبانوں کے علاوہ انھوں نے جم کر فرانسیسی سیکھی اور مولیئر کے دو ڈراموں کو بہ راہ راست فرانسیسی سے اردو و ہندی میں ترجمہ کیا۔ فرانسیسی زبان کی اس خدمت پر انھیں حکومتِ فرانس کی طرف سے Officer d Académie Française سے بھی نوازا گیا۔ کسی بھی ہندوستانی کو ملنے والا یہ اپنی نوعیت کا پہلا فرانسیسی اعزاز تھا۔ یہی اعزاز لکشمن سروپ کے استاد ڈاکٹر اے سی وولنر کے حصے میں بھی آیا۔ (میرے محترم دوست اور برکلے یونیورسٹی امریکا میں عربی کے عالم ڈاکٹر ایون گرینن نے میری درخواست پر پیرس میں وولنر اور لکشمن سروپ دونوں کے فرانسیسی اعزازات کی کھوج لگائی ہے۔ میں ان کا ممنون ہوں)۔ جنگ عظیم اول کے خاتمے پر نوجوان لکشمن سروپ کو یورپ گھومنے اور وہاں کے علمی مراکز سے استفادہ کرنے کا موقع بھی ملا۔ پیرس یونیورسٹی میں ان کی ملاقات ہندوستانی زبان و تہذیب کے دو معروف ترین محقیقین سائلوین لیوی اور یولز بلاچ سے ہوئی۔ سال کے اختتام تک وہ لاہور واپس آ گئے جہاں انھیں اورینٹل کالج میں سنسکرت کا پروفیسر بنا دیا گیا۔ اگلے سولہ سالوں میں ان کے فکری نتائج سترہ حاصل تحقیق کتابوں کی صورت میں سامنے آئے۔ انھوں نے پنجاب یونیورسٹی میں سنسکرت کی کتابوں اور مخطوطات کی جمع آوری کے لیے ان تھک کوششیں کیں۔ 1936ء میں اپنے استاد اے سی وولنر کی ناگہانی موت کے بعد انھیں اورینٹل کالج کا وائس پرنسپل بنا دیا۔ 1942ء میں اورینٹل کالج لاہور کے پرنسپل بننے والے وہ پہلے ہندوستانی تھے۔ ڈاکٹر لکشمن سروپ کا انتقال تقسیم ہندوستان سے ایک سال قبل 1946ء میں ہوا۔ ان کی آخری رسومات لاہور میں ادا کی گئیں۔
