میر کا ایک مشکل شعر : لگنے نہ دے بس ہو تو اس کے گوہر گوش کو بالے تک

چھ آٹھ مہینے پہلے کی بات ہے ، کسی صاحب نے میرے اِن باکس میں آ کر میر کے ایک شعر کے معنی پوچھے۔ میں کچھ اور لکھنے میں مصروف تھا۔ بات رفت و گزشت ہو گئی۔ بعد میں دو مزید حضرات نے بھی ملاقات کے دوران اسی شعر کے بارے میں سوال کیا۔ مسرت …

چھ آٹھ مہینے پہلے کی بات ہے ، کسی صاحب نے میرے اِن باکس میں آ کر میر کے ایک شعر کے معنی پوچھے۔ میں کچھ اور لکھنے میں مصروف تھا۔ بات رفت و گزشت ہو گئی۔ بعد میں دو مزید حضرات نے بھی ملاقات کے دوران اسی شعر کے بارے میں سوال کیا۔ مسرت کے ساتھ ساتھ حیرت بھی ہوئی ، گویا ایک ہی شعر پر اجتماعی طور پر غور کیا جا رہا ہے! انگریزی ادب میں آڈن اور اس کے دوستوں (سپینڈر اور وارنر وغیرہ) کی بابت مشہور ہے : وہ کئی کئی دن شیکسپیئر کے مکالموں پر غور و فکر کرتے تھے۔ اردو معاشرے میں یہ تبدیلی خوش گوار معلوم ہوئی۔ کچھ مہینے گزرنے پر کُھلا، متعلقہ شعر میر کی اُس غزل کا حصہ ہے ، جسے گیارھویں جماعت کے نصاب کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ یہ بات فی نفسہٖ احسن ہے، چاہے نصاب کے نام پر سہی ، کچھ لوگ فکر شعر میں منہمک ہیں۔ (یوں دیکھیں تو ہر سال نصاب بدلنا چاہیے)۔ شعر سنیے :

لگنے نہ دے بس ہو تو اس کے گوہر گوش کو بالے تک

اس کو فلک چشم مہ و خور کی پتلی کا تارا جانے ہے

میر کی یہ قدرے معروف غزل دیوان پنجم کی ہے۔ شہرت کی وجہ مطلع ہے : پتا پتا بوٹا بوٹا حال ہمارا جانے ہے / جانے نہ جانے گل ہی نہ جانے باغ تو سارا جانے ہے۔ دیوان پنجم کو 1798/1797ء کے لگ بھگ ترتیب دیا گیا۔ غزل گیارہ شعروں پر مشتمل ہے۔ سبھی اشعار قابل توجہ اور لائق فکر ہیں۔ ظاہر ہے ، اس دور (1797ء) میں میر کی فکری بلوغت اپنی انتہا کو پہنچ چکی تھی۔ 1797ء آصف الدولہ کا سال وفات بھی ہے۔ آصف الدولہ کی زندگی میں میر کو جو ذہنی و فکری آسائش حاصل رہی، وہ ڈھکی چھپی نہیں۔ ساری غزل میں شعری مسلمات پر نہایت عمدہ اور باریک و دقیق بحثیں کی گئی ہیں۔ مسلمات اور شعریات کے کرداری اداروں پر مضمون نکالنا عام شاعر کے بس کا کام نہیں، خود میر کے ہاں اس نوع کے مضامین پانچویں اور چھٹے دیوان میں زیادہ ہیں۔

شعر پر واپس آتے ہیں۔ مکرر قرات سے ذہن میں چند بنیادی نوعیت کے سوالات پیدا ہوتے ہیں:

1۔ گوہر گوش اور بالے میں کیا فرق ہے ؟

2۔ لگنے نہ دے ، کے سادہ الفاظ کن معنوں میں بکار آ رہے ہیں ، یعنی یہ محاورہ ہے یا عام ٹکڑا؟

3۔ بس ہو ، کا مخاطب کون ہے؟ محبوب یا فلک؟ یا کوئی اور؟

4۔دوسرے مصرعے کا پہلا لفظ ، "اِس” ہے یا "اُس”۔ دونوں صورتوں میں شعر کا معنی بدل جاتا ہے۔

پہلے مصرعے کی پیچیدگی حل ہو جائے تو دوسرا مصرع صاف معلوم ہوتا ہے۔ دوسرا مصرع معروف اصول (اصولِ حُسن) اور مانی جانی بات کی باریک اور تراشیدہ توضیح ہے۔ بالا ، کثیر المعنی لفظ ہے۔ اس کے ایک معنی بالی سے بڑے، کان کے حلقے کے ہیں۔ زیورات کی اصطلاح میں بالا ، کئی معنوں میں بکار آتا ہے ، مثلاً کہیں کہیں یہ بازو بند اور ہنسلی کی ہڈی کے آرائشی پتوں کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے۔ گوہر گوش کے معنی بھی سامنے کے نہیں ہیں۔ ترکیب سامنے کی اور شنیدہ لگتی ہے، صورت حال اس کے برعکس ہے۔ اول تو یہی مشکل ، کیا یہ گوہر گوش ہے (ترکیب مقلوب کی صورت میں) ، یا گوہرِ گوش؟ اردو کے سارے لغات ، بطور ترکیب اس سے خالی ہیں۔ گوہر گوش کرنا ، محاورہ البتہ ملتا ہے ، جس کے معنی غور سے بات سننے کے ہیں۔ فارسی میں گوہر در گوش آویختن، بھی مستعمل ہے۔ جس کے معنی توجہ سے بات سننے ، یا آرائش کے بُندے کے ہیں۔ شاید میر نے اسے فارسی ہی سے اخذ کیا ہو۔ چراغ ہدایت سے میر کا اخذ و استفادہ سامنے ہے۔ افسوس ، گوہر گوش ،عبد الرشید کی فرہنگ میں بھی شامل ہونے سے رہ گیا ہے۔ میر کے ہاں گوش سے متعلق نت نئی تراکیب ملتی ہیں۔ مثلاً ایک جگہ گوش داری کو برتا گیا ہے ، جس کے معنی مسعود حسن رضوی ادیب نے التفات یا عاجزوں کی طرف التفات کرنے کے درج کیے ہیں :

ترے ہیں دعا گو سنا خوب ہی

فقیروں کی گر گوش داری رہے

(دیوان ششم)

ممکنہ مصادر سے بے نیلِ مرام ہونے کے بعد میں نے کلاسیکی ادب سے غیر معمولی شغف رکھنے والے دوستوں ( محترم انیس اشفاق صاحب ، برادرم علی اکبر ناطق ) سے رجوع کیا۔ معلوم ہوا ، گوہر گوش کان کے بڑے حلقے (بالے) کے درمیان میں لٹکے ، ایک بڑے ہیرے یا موتی کو کہتے ہیں۔ ایک ہندوستانی دوست کا کہنا ہے ، یہ اٹھارویں انیسویں صدی کے ایک مخصوص طرز کے بُندے کا نام ہے۔ افسوس کہ سند ان کے یہاں سے بھی نہیں مل سکی۔ (مزید تاسف یہ کہ اس وقیع سرمائے کی تہذیبی و ثقافتی فرہنگیں موجود نہیں)۔ ایک دوست کا خیال ہے ، یہ ترکیب فسانۂ آزاد میں کان کے مخصوص بُندے کے معنی میں رتن ناتھ سرشار نے بھی برتی ہے۔ لیکن فسانۂ آزاد کے ہندوستانی نسخے کے آخر میں موجود ‘کام چلاؤ’ ، فرہنگ میں اس کا ذکر معدوم ہے۔ پوری کتاب کا متن دیکھنا ممکن نہیں۔ شاید یہ مضمون اس تلاش کا نقطۂ آغاز ہو۔

اتنا واضح ہے ، میر کے شعر میں گوہر گوش ( بہ معنی بالے کے ہیرے) اور گوہر گوش کردن (محاورے) کے درمیان گہری اور شعوری مناسبت موجود ہے۔ کلاسیکی اساتذہ (خصوصاً میر ، غالب اور ناسخ) عام شاعروں کے بر خلاف محاوروں کے حقیقی معنی کو برتنے میں ماہر تھے۔ ظاہر ہے ، یہ ان کی تخلیقی آزادی اور نام نہاد اصولوں کی پروا نہ کرنے کا ثبوت ہے۔ لگنے نہ دینا ، پر بھی محاورے کا گمان گزرتا ہے۔ حالاں کہ مجرد ، لگنے نہ دینا، کے الفاظ سے بھی اردو کے لغات خالی ہیں۔ البتہ اردو لغت تاریخی اصول پر ، کے قاموس میں : لگنے کی اور ہوا نہ لگنے دینا دو الگ الگ محاورے ملتے ہیں۔ لگنے کی ، کے ضمن میں مثال درج ہے ، آپ کی ٹکیہ یہاں نہیں لگنے کی۔ معنی سامنے کے ہیں۔

 

 

لگنے نہ دینا ، میں بھی محاورے کے مجازی معنی اور حقیقی معنوں کے درمیان کے تناؤ کی فن کارانہ کیفیت چھپی ہے۔ قرینے سے معلوم ہوتا ہے ، لگنے نہ دینا ، Not allowed to touch کے معنوں میں استعمال ہوا ہے۔ یہ ساری باریکیاں ذہن میں رکھیے اور پہلے مصرعے کی ساخت کو سیدھا کرنے کی کوشش کریں۔ یعنی اگر فلک کے بس میں ہو تو وہ محبوب کے بالے میں معلق ہیرے / موتی کو بالے سے چھونے تک نہ دے۔ بنیادی سوال وہیں موجود رہتا ہے ، کیوں؟ کیا فلک کو بُندے کے ہیرے سے بہ سببِ قربتِ محبوب، رشک و حسد ہے؟ ظاہر ہے ، اس سوال کا جواب نفی میں دینا آسان نہیں۔ رشک و حسد بجا لیکن یہ کھیل اختیار و اقتدار کا بھی ہے، فلک کا محبوب کے بُندے کے حوالے سے بے بس ہونا ، اختیار کی کمی کا اظہار ہے۔ خصوصا ، جب یہ امر ذہن میں رہے کہ عام طور پر فلک کو تقدیر کا استعارہ بنایا جاتا ہے۔ تقدیر کے وار سے کیا جان دار کیا بے جان ، کوئی محفوظ نہیں ہے۔ ایسی صورت میں فلک کا بُندے کے ہیرے پر بس نہ چلنا اقتدار کی کم مائیگی کا اعلان ہے۔

دوسرا مصرع ، اسی بے بسی اور کم مائیگی کا جواب ہے۔ فلک کا محبوب کے ساتھ تعلق ، عام انسانوں کا نہیں ، عام دنیا کے بر خلاف ، محبوب (جسے آپ فلسفے کے لفظوں میں غایتِ اول کہہ لیجیے) محفل گداز ہوتا ہے۔ یعنی پوری کائنات اسی سے حرارت و توانائی حاصل کرتی ہے (یہیں پر ، مجازی و حقیقی کی سرحدیں آپس میں گڈ مڈ ہونا شروع ہوتی ہیں)۔ فلک جس ہستی کو ، اپنا محبوب اور زینت کے اجسام (چاند اور سورج) کی آنکھوں کا تارا مانتا ہے ، وہ ہستی اپنے نور اور ضیا میں کیا شے ہو گی! باریکی دیکھیے ، سورج اور آنکھ کی پُتلی کا تارا! تین اسما کو برتا گیا ہے، جو اپنے آپ میں صفات بھی ہیں۔ اس ایک مصرعے ، بل کہ پورے شعر میں کائناتی و انسانی (یا بدیعی و خلقی ) روشنی کو کمال طریقے سے مجتمع کر کے دکھایا گیا ہے۔ معنی کی مشکل یہیں پر حل ہوتی ہے۔ فلک کے چاند سورج (جو محبوب کے خوشہ چین ہیں) فلک پر ، بغیر کسی ظاہری سہارے کے موجود ہیں، اس کے برعکس محبوب ، کے کان کے ساتھ جُڑا، بندے کا ہیرا ، بالے کے سہارے محبوب کے کان میں آویختہ ہے۔ اگر محبوب سے متمتع ہونے والے روشنی کے اجسام (سورج ، چاند) بغیر کسی طبعی سہارے کے معلق ہو سکتے ہیں ، تو گوہر گوش کا بالے کا سہارا لینا ، اس حرارت زا مرکزی وجود پر سوال ہے۔ فلک یہ چاہتا ہے ، کہ من و تو کے پردے اٹھا کر بندے کے موتی کو محبوب کے کان کے ساتھ ضم کر دے (نہ تو تو رہا نہ میں میں رہا)۔ بالے کی موجودگی تیسرے وجود یا ظاہری سہارے کی علامت ہے ، جو دوسرے لفظوں میں شراکت ہے اور ناقابل برداشت ہے۔ ایسی صورت میں دوسرے مصرعے کا ‘اِس’ ، محبوب کے بندے کی ضمیر ہے۔ یعنی محبوب تو محبوب ، اس کے کان کے ساتھ جڑے ہوا موتی ، فلک کو اتنا عزیز ہے کہ اسی سے کائنات روشن ہے۔ (حضرت علی کا قول ذہن میں رکھیے: مجھ سے جنت سے بڑھ کر طلب کرو، جنت تو میرے غلاموں کے اختیار میں ہے۔)

مزید غور کرنے پر کھلتا ہے: پہلے معنی کے بر خلاف ، خود بالے اور گوہر گوش کا محبوب کے کان پر آویزاں ہونا بھی فلک کی منشا و مرضی کے خلاف ہے ، یعنی حسن کے منبع پر ، آرائش کی کیا حاجت ، با آب و رنگ و خال و خط چہ حاجت روے زیبا را۔ ایسی کیفیت میں دوسرے مصرعے میں ‘اُس’ کا محل ہے۔ یعنی جو محبوب ، کائنات کو روشنی پہنچا رہا ہے ، اس کے ساتھ کسی اضافی و آرائشی شے کی کیا حاجت!

بالے کے ایک معنی بچے کے بھی ہیں( سنسکرت میں سولہ سال یا اس سے کم عمر کے بچے کی تخصیص ہے)۔ یہ معنی پنجابی اور ہندی میں عام مستعمل ہیں۔ بالے کے اس معنی کی رعایت پتلی کے تارے کے ساتھ قائم ہے۔ بچہ عموماً پتلی کا تارا ہوتا ہے۔ اگر اس اشتباہی رعایت کو ذہن میں رکھا جائے تو یہ معنی نکلتے ہیں ، اگر فلک کے بس میں ہو ، تو محبوب کے بُندے کے ہیرے کو کسی دوسرے انسان (عاشق /رقیب) تو کیا ، بے ضرر بچے کے ہاتھ بھی نہ لگنے دیا جائے، ( غالب کے لفظوں میں ، وہ کافر جو خدا کو بھی نہ سونپا جائے ہے مجھ سے)

پورے شعر میں عجیب روشنی کا سماں ہے۔ گوہر گوش ، بالا ، فلک ، چشم ، مہ ، خورشید ، پتلی ، تارا (خود محبوب کا خیال اور اس کا دمکتا چمکتا کام بھی)۔ دس چراغ روشن ہیں، گویا چلچراغ سے خانۂ بیت دمک رہا ہے۔

اتنا بہت کچھ بیان کر کے بھی سیری نہیں ہوتی۔ ایسا لگتا ہے ، میر نے چاہا ہی یہ ہے کہ محض اشارے کیے جائیں اور بات کو ملفوف رکھا جائے۔ کائناتی حسن کو باریکی اور لطافت کی اس بلندی پر لے جانا میر کا شاہکار ہے۔ سچ یہ ہے ، میر کے شعر کے سامنے Ode on a Grecian Urn کی معروف سطریں بھی کیسی معمولی محسوس ہونے لگتی ہیں۔ افسوس کہ ہمارے کچھ لوگ ، اس باریکی کو کوہ کندن و کاہ بر آوردن کی ذیل میں رکھیں گے۔ میر صاحب حسن کی تشکیل و تعمیر کریں تو وہ محض روایت ہے اور تورگنیف کے ناول کا کردار Beauty will save the world کا فقرہ کہے تو اس سے کائناتی حسن کا تازہ کار نظریہ برآمد ہوتا ہے۔ ظاہر ہے ، یہ تضاد کے سوا کچھ نہیں۔ بیدل ہوتے تو شاید اس شعر کی داد دے پاتے۔

بیدل اندر جلوه‌گاه حسن طاقت‌ سوز اوست

جوہر حیرت زبان عذر خواه آیینہ را

ڈاکٹر ارسلان راٹھور

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button