بڑا جی خوش ہوا صوفی سے مل کر : صوفی تبسم کی زندگی کے فراموش گوشے

”پروفیسر الیساندرو باؤسانی پاکستان آئے تو انہوں نے لاہور میں مجھ سے یہ خواہش ظاہر کی کہ کیا وہ صوفی تبسم صاحب سے مل سکتے ہیں۔ چنانچہ نیو ہاسٹل میں ان کی ملاقات صوفی صاحب سے کرائی گئی۔ یہ ملاقات دو تین گھنٹے جاری رہی۔ جب ہم واپس لوٹے تو پروفیسر باؤسائی نے مجھے کہا، …

”پروفیسر الیساندرو باؤسانی پاکستان آئے تو انہوں نے لاہور میں مجھ سے یہ خواہش ظاہر کی کہ کیا وہ صوفی تبسم صاحب سے مل سکتے ہیں۔ چنانچہ نیو ہاسٹل میں ان کی ملاقات صوفی صاحب سے کرائی گئی۔ یہ ملاقات دو تین گھنٹے جاری رہی۔ جب ہم واپس لوٹے تو پروفیسر باؤسائی نے مجھے کہا، مشرق میں مَیں نے یہ ایک ایسا استاد دیکھا ہے جسے معیار کے اعتبار سے یقینی طور پر مغرب کے کسی بھی استاد کے مقابلے میں رکھا جا سکتا ہے۔“

(اشفاق احمد : 28 اپریل 1982ء)

”لازم نہیں کہ جس کی عمر زیادہ ہو وہ بزرگ بھی کہلائے۔ اب تو وہ زمانہ ہے کہ آدمی کی عمر بڑھتی چلی جاتی ہے، وہ بزرگ نہیں بن پاتا۔ اس شہر میں کم از کم صوفی صاحب ایک بوڑھے تھے جو بزرگی کا مرتبہ بھی رکھتے تھے، مگر عجیب بزرگ تھے کہ جوانوں کی صحبت میں جوان، بچوں میں بیٹھے تو بچہ۔ ان کے اٹھ جانے کے بعد یہ شہر اپنے بزرگ سے محروم ہو گیا۔“

(انتظار حسین)

”صوفی صاحب نے ہمیں تاریخ پڑھائی۔ وہ اتنا دلچسپ لیکچر دیتے تھے کہ ہم بڑے انہماک سے سنتے اور خواہش کرتے کہ کاش یہ کبھی ختم نہ ہو۔ وہ اپنے علم کی ہیبت سے ہرگز مرعوب نہیں کرتے تھے۔“

(الطاف فاطمہ)

”صوفی صاحب غزلیات نظیری اس انداز سے پڑھاتے تھے کہ شاگرد مفہوم کی اخری تہہ تک پہنچ جائے اور اس سے بڑھ کر صوفی صاحب کے طریقہ تعلیم میں یہ خوبی موجود تھی کہ وہ طالب علم کے اندر حقیقی شعر و ادب سے لذت اندوز ہونے کی صلاحیت پیدا کر ڈالتے۔“

(جگن ناتھ آزاد)

”صوفی صاحب کا ہندی اور سنسکرت ادب کے حوالے سے مطالعہ حیرت انگیز تھا۔ میں کئی کئی گھنٹے ان کے پاس بیٹھتا اور اکتساب فیض کرتا تھا۔“

(پران ناتھ)

آج معروف شاعر، شارح، استاد اور حلقہ نیاز مندان لاہور کے روح و رَواں، جناب صوفی غلام مصطفی تبسم (1978ء – 1899ء) کا ایک سو ستائیسواں یوم پیدائش ہے۔ صوفی صاحب لاہور کا دل و دماغ اور صہبا و ایاغ تھے۔ بے مثل استاد، پُر خلوص دوست، دردمند انسان، تَر دماغ ادیب۔ ایک شخص میں کیسی کیسی خوبیاں جمع ہو چلی تھیں۔ صوفی صاحب کی ابتدائی روک ٹوک امرتسر میں ہوئی۔ سادہ گھرانا، نیک خو دوست۔ ان کے دادا امرتسر میں نان بائی کی دکان کرتے تھے۔ فجر کی نماز سے فارغ ہونے کے بعد ایک تخت بچھایا جاتا۔ علماء آتے اور اپنی محفل جما لیتے۔ فقہ کی کتابیں کھل جاتیں۔ چاشت تک یہی اشتعال رہتا۔

صوفی صاحب نے پرائمری کی تینوں جماعتیں امرتسر میں پڑھیں۔ ان دنوں پرائمری میں تین ہی جماعتیں ہوتی تھیں۔ ہائی سکول میں ماسٹر شبدت سنگھ نے ان کو کمال کے جادے پر گامزن کیا۔ شبدت سنگھ کہنے کو ریاضی کے استاد تھے۔ لیکن فارسی اور سنسکرت کا عمدہ ذوق پایا تھا۔ حسابی قاعدوں کے ساتھ گلستان اور بوستان کا ایسا درس دیتے کہ سننے والا دھنگ رہ جاتا۔ تنگ پاجامہ، سفید اچکن اور ہاشمی پگڑی باندھے، لوہے کی کرسی پر آلتی پالتی مار کر بیٹھتے۔ ایک ہاتھ میں ریاضی کا قاعدہ، دوسرے میں سکندر نامہ۔ جھولی میں اشلوکوں کی بندھی ہوئی پُستک۔ صوفی صاحب اپنے پاٹھک کو کبھی نہ بھولے۔ میٹرک کا امتحان پاس کر کے خالصہ کالج امرتسر میں داخل ہو گئے۔ یہاں ارجن ناتھ نوشہ (سنسکرت) اور مولوی مرتضی حسین ٹونکی (فارسی) نے ان کی صلاحیتوں کو جِلا بخشی۔ دن رات کی تربیت، صبح و مسا کا ساتھ۔ شام کے اوقات میں نامور مقرر اور سیاست دان سیف الدین کچلو سے فرانسیسی زبان و ادب بھی سیکھا کرتے تھے۔ کچلو صاحب کے گھر ہی میں صوفی صاحب کی جواہر لال نہرو سے پہلی ملاقات ہوئی۔ سنسکرت میں صوفی صاحب نے وہ مشق بہم پہنچائی تھی کہ ہندو گھرانوں کے لڑکے بھی حیران ہوتے تھے۔ افسوس صوفی صاحب کی اس صلاحیت کا زیادہ تذکرہ نہ ہوا۔

1921ء میں وہ ایف سی کالج لاہور آ گئے۔ ایف سی میں صوفی صاحب کے ہر دل عزیز ٹیوٹر پروفیسر مہر چند سوری نے ادبی محافل کو چار چاند لگا رکھے تھے۔ اللہ دے بندہ لے۔ پہلی ہی نشست میں انھوں نے اکبر الہٰ آبادی پر مضمون پڑھا اور پرنسپل سمیت تمام کالج کو اپنا گرویدہ بنا لیا۔ اسلامیہ کالج لاہور میں انھیں ڈاکٹر شیخ محمد اقبال اور پروفیسر قاضی فضل حق سے بھی اکتساب کا موقع ملا۔

صوفی صاحب نے سرکاری ملازمت کا آغاز امرتسر سے کیا۔ 1926 میں وہ گورنمنٹ ہائی سکول امرتسر میں استاد بھرتی ہو گئے۔ 1927ء میں ان کا تقرر سنٹرل ٹریننگ کالج لاہور میں بطور لیکچرر السنہ شرقیہ ہو گیا۔ کچھ ہی عرصے بعد ایک محکمانہ فیصلے کے تحت ان کا تبادلہ گورنمنٹ کالج لاہور میں کر دیا گیا۔ یہ واقعہ 21 ستمبر 1931 کا ہے۔ گورنمنٹ کالج لاہور میں انہوں نے ایف اے سے ایم اے تک کی سطح کے ہزاروں طلباء کو اردو، فارسی اور تاریخ پڑھائی۔ وہ صدر شعبہ اردو اور فارسی بھی رہے۔ ربع صدی تک کالج سے ان کا انسلاک ایسا مثالی تھا کہ انہیں کالج سے الگ شمار کرنا مشکل نظر آتا تھا۔ گورنمنٹ کالج لاہور میں ان کی مدت ملازمت 22 سال 10 ماہ اور 12 دن کی ہے۔ وہ تین اگست 1954ء کو مستعفی ہوئے۔ مستعفی ہونے کے بعد بھی کالج نے انھیں ایک تانگہ مہیا کر رکھا تھا جو ہمہ وقت ان کے دیو سماج روڈ والے گھر کے باہر کھڑا رہتا۔ ایک سائیس حاضر رہتا۔ صوفی صاحب نے جب کالج جانا ہوتا، سائیس گھوڑے کو چابک دکھاتا اور صوفی صاحب کو منزل مقصود پہنچا دیتا۔

1962 میں انھیں پروگریسو پیپر لمیٹڈ کے ہفت روزہ رسالے، لیل و نہار کا مدیر بنا دیا گیا۔ 1964 میں وہ ریڈیو پاکستان سے وابستہ ہو گئے۔
ریڈیو کے براڈ کاسٹر اور فیچر نگار کے طور پہ ان کی شہرت طول و عرض میں پھیل گئی۔ ان کے پروگرام گوناگوں ہوتے۔ ہر عمر کے لوگ ان سے متمتع ہوتے۔ ان کی شخصیت آتش کے مصرعے کی عملی تفسیر تھی:

جوانوں میں جواں بڈھوں میں بڈھا لڑکوں میں لڑکا

1970ء میں انہیں پنجاب یونیورسٹی
، اورینٹل کالج میں ایم اے پنجابی کی پہلی کلاس کو پڑھانے کا اعزاز حاصل ہوا۔ 1975 میں پاکستان آرٹس کونسل لاہور کی زمام کار بھی ان کے ہاتھ میں آ گئی۔ 1976 میں انہیں اقبال اکادمی پاکستان کا وائس پریزیڈنٹ بنایا گیا۔ دمِ آخر بھی وہ اسی عہدے پر فرائض منصبی انجام دے رہے تھے۔

صوفی صاحب کی موت نے ہندوستان پاکستان میں ان کے ہزاروں شاگردوں اور چاہنے والوں کو دکھی کر دیا۔ موت کا واقعہ بھی عجیب ہے۔ وہ سات فروری 1978ء کو بذریعہ ریل راولپنڈی سے لاہور روانہ ہوئے۔ دوران سفر اپنے شاگرد محمد صادق راجپوت کے ساتھ لطیفہ گوئی اور خوش گپیوں میں مصروف رہے۔ لاہور ریلوے اسٹیشن پر اسی شاگرد کے ہمراہ اپنا سامان اٹھا کر تیز تیز چل رہے تھے کہ سیڑھیوں ہی پر دل کا شدید دورہ پڑا اور اسی لمحے صادق راجپوت کے ہاتھوں میں جان جانِ آفرین کے سپرد کر دی۔ آٹھ فروری کو سینکڑوں افراد کی موجودگی میں میانی قبرستان میں دفن کیے گئے۔

صوفی صاحب کی شخصیت کا اصل جوہر وہ سادگی اور بے ریائی ہے جس کی فی زمانہ مثال نہیں ملتی۔ وہ لاتعداد سرکاری عہدوں پر رہے لیکن افسری کی ہوا کبھی ان کے دماغ میں نہ سمائی۔ بقول پطرس، ان کے اندر ازمنۂ وسطیٰ کے اساتذہ کی روح حلول کر گئی تھی۔

ابتدائے عمر سے انھیں سبزے پر ننگے پاؤں چہل قدمی کرنے کی عادت تھی۔ گھر کے اندر بھی جوتوں سے بے نیاز رہتے۔ اس سلسلے میں ایک دل چسپ واقعہ ڈاکٹر آفتاب احمد نے نقل کیا ہے۔ کراچی میں صوفی صاحب ذوالفقار علی بخاری کے گھر کے سامنے والے پبلک پارک میں سیر کو نکلے اور سخت جزبز ہو کر لوٹے۔ کہنے لگے چھ فٹ لمبے اور چار فٹ چوڑے قطعۂ زمین پر گھاس اُگی ہے اور اس پر تختی لگا رکھی ہے، گھاس پر چلنا منع ہے لاحول ولا قوۃ الا باللہ!

صوفی صاحب کو اپنے شہر امرتسر سے بہت محبت تھی تقسیم سے پہلے تک تعطیلات میں اور ہر اتوار کو امرتسر جایا کرتے تھے۔ صوفی صاحب کے رشتے کی ایک بیٹی فسادات کے دوران امرتسر میں ماری گئی۔ صوفی صاحب پوری عمر اس کا دکھ کرتے رہے۔ افسوس اس کا کچھ پتہ نہ چل سکا۔

صوفی صاحب کی شخصیت میں اخلاص اور محبت کوٹ کوٹ کر بھری تھی۔ جو شخص ان سے ایک بار مل لیتا، کبھی ان سے الگ نہ ہونا چاہتا۔ بچے، بڑے، بوڑھے، جوان، عورت، مرد سبھی ان کے دیوانے تھے۔ مظفر علی سید نے لکھا ہے، ایک مرتبہ صوفی صاحب کو میری موجودگی میں ایک خط موصول ہوا۔ خط کسی لڑکی کا تھا۔ خط پڑھتے ہی ان کی آنکھیں بھر آئیں۔ میرے استفسار پر بتایا، شاہی محلے کی ایک کم نصیب لڑکی، جس کو انھوں نے عرصے پہلے علم کی راہ پر لگایا تھا، لیکچرر بن گئی ہے۔ اس وقت ان کی خوشی دیدنی تھی۔ سید صاحب لکھتے ہیں۔ صوفی صاحب نے بدنامی کی گلیوں میں پِسنے والے کئی لڑکوں لڑکیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کر کے انہیں باعزت زندگی بسر کرنے کے قابل بنایا۔

وہ لوگوں کی مدد کرنے کو ہمہ وقت تیار رہتے۔ ایک دن ان کا خاکروب کہنے لگا، میرے بیٹے کو سینٹرل ٹریننگ کالج میں ملازمت دلوا دیں۔ دوسرے روز اسے ساتھ لے کر ہاسٹل سپریڈینڈنٹ کے پاس گئے اور درخواست لکھی کہ اسے صفائی والوں میں ملازم رکھ لیا جائے۔ سپریڈینڈنٹ شرمندہ ہوا اور کہنے لگا، آپ ناحق اس معمولی کام کے لیے خود چل کر میرے پاس آئے۔ کسی اور کو بھیج دیتے تو بھی یہ کام ہو جاتا۔ صوفی صاحب کہنے لگے : نہیں یہ میرا فرض تھا۔ اگر خود نہ آتا تو میرا کیا فائدہ تھا۔

صوفی صاحب کے ایک خدمت گار نیاز احمد نے لکھا ہے، ایک دفعہ گورنمنٹ کالج لاہور کی کرکٹ ٹیم دہلی روانہ ہوئی۔ میں بھی صوفی صاحب کے ہم راہ تھا۔ ہمارا قیام ایک ہوٹل میں تھا۔ ٹیم کا کپتان سعید بٹ تھا۔ اس نے کھانے کا آرڈر دیا۔ گنتی کے حساب سے سب کا کھانا آیا۔ کپتان نے ملازم کا خیال کرتے ہوئے میرا کھانا نہ منگوایا۔ جب سب کھانا کھانے لگے تو صوفی صاحب نے کہا، نیاز آؤ ہم دونوں کھاتے ہیں۔ یہ کہہ کر پلیٹ میری طرف بڑھا دی۔ کپتان نہایت شرمندہ ہوا۔ فوراً میرے لیے کھانے کا آرڈر دیا۔ اس کے بعد ہم جہاں بھی جاتے پہلے میرے کھانے کا بندوبست کیا جاتا۔

صوفی صاحب کو بچوں سے بے حد محبت تھی۔ سارے محلے کے بچے ان کے اپنے بچے ہوتے تھے۔ انہیں ہر طرح سے بہلاتے۔ کسی کو ٹافی دے رہے ہیں، کسی کو مٹھائی کھلا رہے ہیں، کسی کو کھلونا دلا رہے ہیں۔ ان کا بہترین وقت وہ ہوتا جو بچوں کی صحبت میں گزارتے۔ ایک دن سخت بارش ہو رہی تھی۔ صوفی صاحب بھیگتے ہوئے کالج سے نیو ہاسٹل تک آئے۔ گیلے کپڑے اتارے اور استری کیا ہوا لباس پہنا۔ لباس تبدیل کر کے برآمدے میں کھڑے ہو گئے۔ تھوڑی دیر میں انہوں نے دیکھا گوجروں کا ایک چھوٹا سا بچہ بارش میں کھڑا بھیگ رہا ہے اور رو بھی رہا ہے۔ بارش کی پرواہ نہ کرتے ہوئے فورا اس کی طرف لپکے اور اسے جا کر گلے لگا لیا۔ پھر پوچھا یہ بچہ کس کا ہے۔ میں نے کہا گوجروں کا۔ کہنے لگے جا کر بچے کو ان کے حوالے کر آؤ۔ وہ اس سے پہلے بھی مجھے کہہ سکتے تھے کہ جاؤ بچے کو بارش سے اٹھا لاؤ کیوں کہ میں ان کے پاس کھڑا تھا مگر وہ خود جا کر بچے کو اٹھا لائے۔

توصیف احمد خان کہتے ہیں، ایک دن صوفی صاحب سیر کو جا رہے تھے۔ انہیں ایک خاتون اپنے بچے کو گود میں اٹھائے نظر آئی۔ جب وہ قریب سے گزری تو ان کی نظر بچے پر پڑی۔ صوفی صاحب اس پھول کو دیکھ کر خاتون کو آواز دینے پر مجبور ہو گئے۔ ذرا ایک منٹ ٹھہریے، خاتون نے بزرگ کو دیکھا۔ صوفی صاحب اس تک گئے۔ کہا بڑا پیارا بچہ ہے، ذرا دیر کے لیے مجھے دیجیے۔ خاتون کہنے لگی، پیارا ہونے کے باوجود بڑا بد مزاج ہے، کسی کے پاس جاتا نہیں ہے۔ یہ ایک چیلنج تھا جو صوفی صاحب نے فوراً قبول کر لیا۔ چند منٹ انہوں نے بچوں کی زبان میں آؤں غاؤں کی۔ کچھ منہ بنائے اور شفقت سے دو چار جملے ادا کیے۔ چند لمحوں کے بعد جب انہوں نے ہاتھ بڑھا کر کہا، آؤ بیٹا میرے پاس آؤ۔ بچہ ہمک کر ان کی گود میں آ گیا۔ خاتون بچے کی حرکت پر خاصی شرمندہ ہوئی لیکن صوفی صاحب نے یہ کہہ کر مطمئن کر دیا کہ دراصل بچے بھی انہیں پہچانتے ہیں۔

صوفی صاحب کی شخصیت میں نفاست اور تکمیلیت پسندی بہت تھی۔ وہ کیٹس کے لفظوں میں series of climaxis کے حامل انسان تھے۔ دو واقعات مزید سنیے اور اجازت دیجیے:

”عرصہ ہوا ایک صبح میں صوفی صاحب کی خدمت میں حاضر ہوا۔ ناشتہ کر رہے تھے۔ لیکن میں نے دیکھا کہ ناشتے کی طرف چنداں متوجہ نہیں۔ طبیعت میں کچھ تردد ہے۔ معلوم ہوا ایک بیٹا ایم اے میں اچھے نمبر لے کر کامیاب ہوا ہے اور صوفی صاحب دوستوں عزیزوں کے گھروں میں کھنڈ کلچے بھیجوا رہے ہیں۔ لیکن جو طشتریاں اندر لگی ہوئی ہیں ان میں سے بعض میں کھنڈ کلچے سلیقے سے نہیں رکھے ہوئے۔ صوفی صاحب نے ایک ایک طشتری کو خود ملاحظہ کیا اور جس میں کلچوں کو بے ترتیب پایا ان کی درستی کی۔ طبیعت میں الجھن یہ تھی کہ اگر وہ خود ان طشتریوں کو نہ دیکھتے تو دوستوں کے گھروں میں کھنڈ کلچے بے ترتیب پہنچ جاتے۔“

(راوی: پروفیسر محمد عثمان)

” جب وہ لاہور کے بھاٹی دروازے کے اندر ایک گلی میں چھوٹے سے مکان میں رہتے تھے، مکان کی نچلی منزل بیٹھک کا کام دیتی تھی، جہاں اپنے احباب اور ملنے والوں کو بٹھایا کرتے تھے۔ ان کی کتابیں میز کرسی اور لکھنے پڑھنے کا سامان بھی یہیں رہتا تھا۔ ایک دن علی الصبح ایک ایرانی ان کے مکان کا پتہ پوچھتا اور کھوج لگاتا ہوا مکان پر آ پہنچا اور دستک دینے لگا۔ صوفی صاحب اس وقت میلا تہ بند پہنے، پرانے بنیان میں، منہ پر کپڑا لپیٹے تاکہ گرد ناک میں نہ جائے، بیٹھک کی صفائی میں مصروف تھے۔ ان کے ہاتھ میں جھاڑو تھی اور کمرے میں گرد اڑ رہی تھی۔ صوفی صاحب پہلے تو گھبرائے مگر پھر جلد ہی انہیں ایک ترکیب سوجھ گئی۔ چہرے کو کپڑے سے اور بھی اچھی طرح لپیٹ لیا۔ کھڑکی کے قریب پہنچے اور لہجہ بگاڑ کر بولے، صوفی گھر پر نہیں ہے سیر کو گیا ہے ایک گھنٹے کے بعد آؤ۔ چنانچہ گھنٹے بعد جب وہ ایرانی دوبارہ آیا تو صوفی صاحب بڑے تپاک سے ملے۔ اس وقت وہ انگریزی سوٹ میں ملبوس تھے اور کمرہ بھی صاف ستھرا تھا۔ ہر چیز قرینے سے اپنی جگہ پر رکھی تھی۔ صوفی صاحب دو گھنٹے تک ایرانی سے فارسی شعر و ادب پر گفتگو کرتے رہے۔ جب وہ رخصت ہوا تو بڑا مطمئن معلوم ہوتا تھا۔ یہ بات اس کی وہم و گمان میں بھی نہ آ سکتی تھی کہ صبح جس میلے کپڑوں والے شخص نے اس سے یہ بات کی اور جسے وہ غالباً صوفی صاحب کا ملازم سمجھا ہوگا وہ خود صوفی صاحب ہی تھے۔“

(راوی: غلام عباس)

ڈاکٹر ارسلان راٹھور

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button