ناسخ کا شعر یا درخت آدمی؟

کیا ہو اس سروِ خراماں کی غذا غیر شراب کہ درختوں کی قناعت ہے فقط پانی پر   فرض کیجے ، ناسخ کا یہ سادہ معلوم ہونے والا شعر کسی مغربی شاعر کا نویسندہ ہوتا، تو اسے : Anthology of Nature Nature’s Voice The Book of Peace Poetry of Plants   جیسے درجنوں انتخابات کا …

پیڑ پودوں کی لاگت جدید حسیت اور ہمارے کلاسیکی شعرا

کیا ہو اس سروِ خراماں کی غذا غیر شراب

کہ درختوں کی قناعت ہے فقط پانی پر

 

فرض کیجے ، ناسخ کا یہ سادہ معلوم ہونے والا شعر کسی مغربی شاعر کا نویسندہ ہوتا، تو اسے :

Anthology of Nature

Nature’s Voice

The Book of Peace

Poetry of Plants

 

جیسے درجنوں انتخابات کا حصہ بنایا جاتا۔ ظاہر ہے ، میں نے انگریزی کتب کے نام از خود نہیں بنائے۔ اِن ناموں اور اِس نوع کی درجنوں کتابیں بہ آسانی دستیاب ہیں۔ مغربی معاشرے سے اپنے مال کو پیش کرنے کا ہنر سیکھنے میں ہم سے سخت کوتاہی ہوئی ہے۔ یہ مال ، مادی اشیاء کے علاوہ ، فکر و ہنر کا بھی ہے۔

 

شعری حکمتوں کو سمجھنا بڑا اہم ہے۔ جمالیاتی لطف ( جو سب سے بنیادی اور اہم شعری فریضہ ہے) کے علاوہ ، شعر مختلف علوم و فنون کا لطافتوں کا اجتماع خانہ ہوتا ہے۔ کلاسیکی اردو شعراء نے شعری مسلمات کو مرکز مانتے ہوئے ، آس پاس کی کائنات سے خوب خوب استفادہ کیا ہے۔ سرو خراماں سے زیادہ پامال ترکیب کیا ہو گی، لیکن اس بنیادی یا منجمد (Static) استعارے سے خیال کی کون کون سی شاخیں پھوٹ سکتی ہیں ، یہ سوچنے کی بات ہے۔ سرو خراماں ، کے حقیقی انسلاکات ملاحظہ ہوں (←سے مراد تعلق کے ہیں) :

 

سرو = درخت

 

درخت ← غذا

 

درخت ← پانی

 

غذا = پانی

 

پانی = شراب

(شراب بہ معنی پینے والی شے)

 

پانی = غیر شراب

(شراب بہ معنی مے)

 

خرام ← پانی

( خرام کے معنی نرم رفتار چال کے ہیں ، جس پانی پر درختوں کی گزران ہوتی ہے ، یقیناً وہ نرم اور سبک رفتار ہوتا ہے)

یہ سارے انسلاکات عمومی استعارے ( سرو خراماں ) کی حقیقی کیفیتوں کو سوچنے سے ہاتھ آئے ہیں۔ یہ بات بھی سمجھنے کی ہے کہ استعارہ سازی کے دوران حقیقی معنی کے کنایوں کو ہاتھ سے نہ جانے دینا بڑی خوبی ہے ( حالاں کہ طرفین استعارہ میں مجازی تعلق ہوتا ہے)۔ اس اہم نکتے سے کلاسیکی شعراء بخوبی واقف تھے۔

ناسخ کے شعر کی بڑائی یہ ہے کہ پامال استعارے سے کہیں آگے ، محبوب میں درخت کا حقیقی عکس نظر آنے لگتا ہے۔ شاید ناسخ کو یہ تصور مذہبی صحائف سے سوجھا ہو۔

ظاہر ہے شاعر کے مناسبات خفی و جلی ، ہر دو حوالے سے اس کی معاشرت و ثقافت کی علامت ہوتے ہیں۔ قرآن میں درخت (شجرۃ) کو کئی معنوں میں استعمال کیا گیا ہے۔ مثلاً سورۃ ابراہیم میں پاکیزہ بات کو مضبوط بنیاد والے مطہر درخت سے تشبیہ دی گئی ہے۔ (بہ حوالہ آیت نمبر 24)

انجیل میں جناب مسیح علیہ السلام کا قول نقل ہوا ہے :

"میں تاکِ خالص ہوں اور تم اس کی شاخیں”

(جان ، 15:5)

قناعت کا لفظ شعر میں جس عمدگی سے استعمال ہوا ہے ، بیان سے باہر ہے۔ درخت سے زیادہ قانع ہستی کون ہو سکتی ہے۔ عموماً جدید حسیت کے اس خیال کو بیسویں صدی کی دین قرار دیا جاتا ہے۔ مجید امجد کے شعر اس حوالے سے محاورہ بن چکے ہیں:

اس جلتی دھوپ میں یہ گھنے سایہ دار پیڑ

میں اپنی زندگی انھیں دوں جو بن پڑے

 

ڈلگتے جاتے ہیں چپ چاپ سہتے جاتے ہیں

مثال چہرۂ پیغمبراں گلاب کے پھول

ان باکمال شعروں کے باوجود ناسخ کو اولیت حاصل ہے۔ الاوّل فالاوّل۔ یہ بھی ملاحظہ ہو ، مجید امجد جس خیال کو شرح و بسط سے بیان کر رہے ہیں، ناسخ نے اس کے لیے محض ایک لفظ ، قناعت ، کام میں لایا ہے۔ الکناية أبلغ من التصريح۔ ہمارے دور میں درخت سے انسیت اور ہم دلی بہت دیکھنے کو ملتی ہے۔

مجھے تو منشاء یاد کے افسانوی مجموعے درخت آدمی ، کی اصطلاح بھی ناسخ کے شعر کا فیض معلوم ہوتی ہے۔ (چاہے لاشعوری ہی سہی)

ناسخ کے شعر کا پہلا مکمل مصرع محبوب کی نازک بل کہ چست بدنی کا استعارہ ہے۔ اپنے آپ کو دھان پان رکھنے والے لوگ کم کھانا اور زیادہ پینا ، کے مقولے پر کار بند ہوتا ہے۔ سرو کا درخت اپنی قامت اور گھیر میں اکہرے بدن کی عمدہ مثال ہے۔ غذا کا غیر از شراب، نہ ہونا چست بدنی کا کیسا عمدہ طبعی جواز ہے۔ ایک سادہ اور سامنے کا نظر آنے والے شعر میں اتنے امکانات رکھنا ادبی کرامت نہیں تو اور کیا ہے۔

ڈاکٹر ارسلان راٹھور

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button