1۔ میں جو ہوں
بھوانی پرساد مشرا کی کویتا کا اردو ترجمہ

میں جو ہوں
مجھے وہی رہنا چاہیے
یعنی
جنگل کا درخت
کھیت کی منڈیر
ندی کی لہر
دور کا گیت
بیتا ہوا
حال میں
موجود آئندہ میں
میں جو ہوں
مجھے وہی رہنا چاہیے
تیز گرمی
موسلا دھار بارش
کڑاکے کی سردی
خون کی لالی
گھاس کا ہرا پن
پھول کی زردی
میں جو ہوں
مجھے وہی رہنا چاہیے
مجھے اپنا ہونا
ٹھیک ٹھیک سہنا چاہیے
تپنا چاہیے
اگر لوہا ہوں
تو ہل بننے کے لیے
بیج ہوں
تو گڑنا چاہیے
پھل بننے کے لیے
میں جو ہوں
مجھے وہی بننا چاہیے
دھارا ہوں ندی کے اندر
تو مجھے کنویں کے روپ میں
کُھدنا چاہیے
ٹھیک ضرورت مند ہاتھوں سے
بانہیں پھیلانا چاہیے مجھے
اگر میں آسمان ہوں
مگر میں
کب سے ایسا
نہیں کر رہا ہوں
جو ہوں
وہی ہونے سے ڈر رہا ہوں
(ہندی سے ترجمہ: ارسلان راٹھور)
