مرحوم افضل حق قرشی : یادوں کے چند نقوش
29 ستمبر 2024ء کی ڈائری کے چند صفحے
سوزم از حرمان مے با آن کہ آبم در سبوست
تا چہ می کردم اگر بخت سکندر داشتم
(غالب)
(اس کے باوجود کہ پانی [شراب] میرے پیالے میں ہے، میں اپنی محرومی پر جلتا ہوں، اگر میرا نصیب بختِ سکندر کی طرح بھی ہوتا تو میں کیا کرتا کہ وہ آب حیات سے محروم رہا)
کیسے کیسے لوگ دسترس میں رہے اور ہماری بے علمی دور نہ ہوئی۔ گہرے پانیوں کے کنارے یہ تشنہ لبی عُجب نہیں تو کیا ہے ۔ آج رات (29 ستمبر 2024ء) بزرگ محقق اور جاں گدازی کے پیکر افضل حق قرشی صاحب گزر گئے۔ تنہائی و بے کسی کا ایک سمندر موجیں مارتا ہے۔ استاذم مظہر معین صاحب کی کال آئی۔ طبیعت پہلے ہی اداس تھی، اس خبر نے مزید شکستہ کر دیا۔ حکم ملا : نوشتۂ تقدیر کو لوگوں تک پہنچاؤ۔ اُلٹی سیدھی دو چار سطریں لکھ کر فیس بک پر لگا دیں۔ دماغ شل، دل بجھا ہوا۔ سوائے لفظوں میں غم سمونے کے چارا نہیں۔

مرحوم کے ساتھ میری وابستگی مظہر محمود شیرانی صاحب کے وقتوں سے تھی۔ مصفّا یادیں ذہن میں تیرتی ہیں : اُطاق ایران شناسی، گورنمنٹ کالج کی باوقار فضا، شیرانی صاحب کے قہقہے گونج رہے ہیں، ایک ہاتھ میں طومار ، دوسرے میں موٹا عدسہ، خدا نے انھیں علم سے پیدا ہونے والی ثقاہت سے دور رکھا تھا۔ ملنے والوں کا تانتا بندھا رہتا تھا؛ شیرانی صاحب مروت کے پُتلے تھے، انکار کا لفظ اُن کی لغت میں عنقا تھا۔ کم ہی لوگ تھے جنھیں دیکھ کر وہ چہکنے لگتے۔ قرشی صاحب انھی میں سے تھے۔ سادہ، اُجلے کپڑوں میں چلے آرہے ہیں ، چھدری ڈاڑھی، متبسم چہرہ، اکہرا بدن، شریف خدوخال، دمِ گفتار خلوص سے چھلکتا لہجہ، ہمہ دم مستعد اور تیار۔ اُن دنوں شیرانی صاحب مجلس ترقیٔ ادب کے لیے مرحوم وزیر الحسن عابدی کے انتخابِ امیر خسرو، کی پروف بینی کر رہے تھے۔ عابدی صاحب شیرانی صاحب کے استاد تھے، شیرانی صاحب اُن کے مزاج اور کام کو خوب سمجھتے تھے ۔ اس مقصد کے لیے اکثر قرشی صاحب تشریف لاتے۔ پروف بینی کی نزاکتوں کے درمیان شیرانی صاحب کی چُہلیں جاری رہتیں، قرشی صاحب برابر ہنستے رہتے، ایسی ہنسی جس میں رِیا نام کو نہ ہوتی ۔
قرشی صاحب علم اور صاحبانِ علم کی دل سے قدر کرتے تھے۔ کیوں نہ کرتے، اس کام کے سوا سیکھا ہی کیا تھا۔ شیرانی صاحب کی وفات کے بعد میں نے مرحوم پر طویل خاکہ لکھا تو بہت خوش ہوئے۔ ان کی تعریف سے میرا سیروں خون بڑھ گیا۔ اُنھی دنوں ڈاکٹر مظہر معین ڈائریکٹر ادارۂ ثقافت اسلامیہ تعینات ہوئے۔ میں ہفتے میں ایک دو روز مظہر معین صاحب سے ملنے جایا کرتا۔ وہیں قرشی صاحب سے ملاقات بھی ہو جاتی۔ ابتدا میں اُن کا دفتر مجلس ترقیٔ ادب کی دوسری منزل پر تھا۔ کتابوں سے گِھرا بھرا پُرا کمرہ۔ آبنوسی میز رنگ رنگ کی پُستکوں کا بھنڈار معلوم ہوتی۔ قرشی صاحب اس خزانے کے جوہری تھے۔ کتابوں کو سلیقے سے جمانے اور ان کے نمبر شمار یاد رکھنے میں اُن کا کوئی ثانی نہ تھا۔ جب تک ترقیٔ ادب میں رہے، ایک نسخے کی خُرد بُرد کا سوال پیدا نہ ہوا۔ پرانی کتابوں کو ذاتی کاوش سے محفوظ رکھتے۔ اُن کا یہ ہنر ذاتی کتاب خانے کی تنظیم میں بہت کام آیا۔ البتہ آخری دنوں میں کتابوں کی کثرت اور دیکھ ریکھ کی فکر انھیں گُھلانے لگی تھی۔ موت سے دو تین ہفتے قبل اُن کی کبیدگی دیکھ کر میں نے ذوالفقار عادل کا مصرع پڑھا تو دیر تک سنا کیے : اتنا موسم سرد نہیں تھا جتنی آگ جلائی ہے!
غالبا دسمبر 2023ء کا ذکر ہوگا، میں ادارۂ ثقافت اسلامیہ کے عقبی گوشے میں کھڑا دھوپ تاپ رہا تھا۔ دائیں جانب نظر پڑی، کیا دیکھتا ہوں: قرشی صاحب ایک کرم خوردہ اور قدرے آب دیدہ نسخہ لیے بیٹھے ہیں۔ صفحوں کو الٹتے پلٹتے، استر خشک کرنے کی فکر میں ہیں۔ میں پہلو میں آن بیٹھا۔ اِدھر اُدھر کی باتیں ہونے لگیں۔ اُن دنوں میں ”دیوان جرأت“، (جلد دوم) کی تلاش میں تھا۔ ظاہر ہے، مجلس نے ”جرأت نامہ“ کی اس جلد کو شائع کرنے کی کبھی جرأت نہ کی تھی( بر بنائے کثافت )۔ میں نے گلہ کیا تو مسکرانے لگے اور ایسی کہانی سنائی جس کا راوی اُن کے سوا کوئی نہ ہو سکتا تھا۔ حاصل کلام یہ کہ کثافت و لطافت کی ساری بحثیں شعر و ادب میں ارفعیت (Sublimation) کے وظیفے سے عدم آگاہی کا نتیجہ ہیں۔
باتوں باتوں میں ”دیوان چرکین“ کا ذکر ہوا۔ میں نے کچھ ہفتے پہلے چرکین پر ایک طویل تحریر (خاک کے پردے سے) مکمل کی تھی ۔ فائل موبائل میں محفوظ تھی۔ ان کی فرمائش پر دو صفحے سنائے۔ خوب محظوظ ہوئے اور کہنے لگے : ”راٹھور صاحب آپ نے دنیا جہان کا علم اس شرح میں جھونک دیا ہے لیکن اِن سو صفحوں کو چھاپنے کی ہمت کون کرے گا ؟“ میں نے کہا: ” شاید کلیاتِ جرات کو ڈھنگ سے نہ چھاپنے والے چرکین کے ذریعے اپنی تلافی کر لیں“ ، ایک قہقہے کے ساتھ انھوں نے کانوں کو ہاتھ لگا لیا۔ قسمت دیکھیے، مضمون آج تک نہ چھپ سکا۔
قرشی صاحب سے بزم آرائی بیشتر مظہر صاحب کے دفتر میں ہوتی تھی۔ مرحوم دن کا کھانا اکثر وہیں تناول فرماتے۔ کھانا کاہے کو، جینے اور دل جلانے کے واسطے دو چار لقمے کہیے۔ بعد از طعام دو چار سیب کی قاشوں کا شوق فرماتے۔ کھانے کے دوران جناب تحسین فراقی کی مفرّس و معرّب گفت گو جاری رہتی ۔ فراقی صاحب کے صاف لہجے کے سامنے کون جم سکتا ہے! خدا بھلے کرے، ڈاکٹر مظہر معین کا، گفت گو فلسفہ بننے ہی کو ہوتی کہ اُن کی لطیفہ بازی ساری باریک خیالی کو زمین پر لے آتی ۔ مجھے ان لطائف کی نسبت غالب کا شعر یاد آتا ہے:
اور بازار سے لے آئے اگر ٹوٹ گیا
ساغرِ جم سے مرا جامِ سفال اچّھا ہے
گویا لطائف بھی جام سفال ہیں، مٹی سے جوڑنے کا بے بہا سلیقہ:
بہت اونچا بہت اونچا اڑا ہوں
مگر مٹی سے پیوستہ رہا ہوں
(سلیم کوثر)
مظہر صاحب کے مُرغِ خیال کو سب سے پہلے قرشی صاحب ہی دام میں لاتے اور ہنسنے میں سبقت لے جاتے ۔ سید صاحب سے ان کی گاڑھی چَھنتی تھی، انھیں شاہ جی کہہ کر پکارتے ۔ دیکھیے کیسے دوست صادق ثابت ہوئے، آج یعنی تیسں ستمبر (2024ء) کو مظہر صاحب کا ادارہ ثقافت میں آخری دن ہے، یہ پیکرِ خلوص بھی چند گھنٹے پہلے ہی گزر گئے:
ان کے ایفائے عہد تک نہ جیے
عمر نے ہم سے بے وفائی کی
(میر)
قرشی صاحب دوسروں کی علمی معاونت میں پیش پیش رہتے ۔ میں عمر میں شاید ان کے صاحب زادوں سے بھی چھوٹا ہوں، لیکن وہ ہمیشہ میرے سوالات کو گہری سنجیدگی سے سنتے اور جہاں تک ممکن ہوتا مدد کرتے۔ ایک زمانے میں مجھے مظہر محمود شیرانی کے غیر مدوّن مضامین کی تلاش تھی۔ قرشی صاحب سے ذکر ہوا تو ملائمت سے کہنے لگے: آپ کے لیے دیکھوں گا۔ دو چار دن میں پتہ چلا : وہ رسائل کے مذکورہ فائل مظہر معین صاحب کے دفتر میں رکھوا گئے ہیں۔ کئی دن تک وہ مضامین دفتر ہی میں رہے؛ انھوں نے رسائل کے بارے میں اس وقت تک نہیں پوچھا جب تک میری مطلب برآری نہ ہوئی۔
میں نہیں جانتا وہ دوسروں کے ساتھ فون پر کتنا وقت گزارتے تھے لیکن میرے ساتھ ان کی گفت گو آدھ پون گھنٹا ضرور ہوتی ۔ ظاہر ہے، علمی وادبی معاملات زیر بحث رہتے۔ البتہ فون کی دریافت سے ضیق میں تھے۔ ان سے رابطہ کرنے والوں کی طویل قطار تھی۔ ایک دن کسی کام سے انھیں فون کیا، کئی کوششوں کے باوجود ان سے رابطہ نہ ہو سکا۔ اگلے دن علی الصبح کال آئی، کہنے لگے: ” بھائی! میں گھر آتے ہی فون دوسرے کمرے میں اُچھال دیتا ہوں۔ میں کہاں اور یہ وبال کہاں!“
کسی تحقیقی مضمون کا ڈول ڈالتے تو ضرور بتاتے۔ تین چار سال قبل مولانا محمد نذیر عرشی ( نقشبندی مجددی) کی معروف قاموسی شرح : مفتاح العلوم، پر مضمون لکھ رہے تھے۔ اتفاق سے میرے کتاب خانے میں بھی پہلے ایڈیشن کی سبھی محفوظ تھیں۔ قرمزی مائل کپڑے کی مجلد سولہ سترہ جلدیں۔ میں نے ان دفاتر کی یافت کا طرفہ واقعہ سنایا تو بہت مسرور ہوئے۔ ایک دہائی پہلے کا قصہ ہے، اتوار کی سہ پہر تھی، میں کتاب بازار کی روشوں پر سیر کر رہا تھا۔ اچانک دیکھا: ایک سادہ منش آدمی کتابوں کے لٹھ ہاتھ میں اٹھائے، آواز لگا رہا ہے، فی کتاب پچاس روپے۔ سینے میں گرمی کا احتمال ہوا، کھینچا چلا آیا۔ یہ جواہرِ سرخ وہیں سے ہاتھ آئے۔ میں نے جب مضمون کے حوالے سے اشتیاق ظاہر کیا، قرشی صاحب کھل اٹھے؛ معلومات کا سمندر جوش مارنے لگا۔ بھلے دنوں کی یادگار کے طور پر میرے ذہن میں بھی خاقانی و ظہوری اور عرفی و نظیری کے شعر محفوظ رہ گئے تھے۔ مرحوم کے چہرے پر فرحت و مسرت کا خون دوڑنے لگا۔ مجھے یاد ہے، عرفی کا ایک مقطع انھوں نے مکرر پڑھنے کو کہا :
ز ذوق وصل و غم ہجر یافتم ، عرفی
که چیست عیش بہشت و عذاب یعنی چہ
(میں نے وصل کی لذت اور جدائی کے غم سے جان لیا ہے کہ جنت کے عیش کی کیفیت کیا ہے اور جہنم کے عذاب کی جاں سوزی کیا)
فطرت نے مرحوم کو باکمال حافظے سے نوازا تھا۔ ایک روز سول اینڈ ملٹری گزیٹ میں شائع شدہ ایک خبر کا ذکر ہوا۔ خبر لاہور سے متعلق تھی۔ کہنے لگے، چالیس سال پہلے میں نے ایک ترشے میں خبر پڑھی تھی۔ دسمبر 1924ء کے اخباروں کو کھنگالیے، شاید حاجت روائی ہو۔ اور واقعی 22 دسمبر 1924ء کے اخبار سے گوہر مراد ہاتھ آگیا۔
گورنمنٹ کالج کے کتاب خانے کو بہت اہم جانتے ہیں۔ گاہے گاہے مجھ سے پرانی کتابوں کا احوال و کیفیت دریافت کرتے۔ انھوں نے تمام عمر کتابوں کو اپنے بچوں کی طرح سینت سینت کر رکھا تھا، آخری دور میں ان سے کیوں کر بیگانہ رہے سکتے تھے۔
مرحوم محنت کو ذہانت پر ترجیح دیتے تھے۔ استادم رفیع الدین ہاشمی کی رحلت کے بعد، ایک دن کہنے لگے: ہاشمی صاحب کا سارا کمال اُن کی شخصی محنت میں مضمر تھا، متواتر کام کرنے کی لگن نے ان کے دماغ کو جلا بخش دی تھی، حالاں کہ فطری استعداد میں وہ عام لوگوں جیسے تھے۔ قرشی صاحب کی اپنی زندگی بھی شخصی مجاہدے کا حاصل تھی ۔ ہاتھ میں قلم مداد لیے، ہمہ دم وہ صفحوں میں فرق رہتے، گویا یہی مشغلہ دین تھا، یہی دل بستگی دنیا۔
وفات سے کچھ روز قبل ان کی کال آئی : ”راٹھور صاحب کمال کر دیا ہے۔ الفریڈ وولنر پر آپ کے مضمون نے رات سونے نہیں دیا لیکن بھائی تبسم کاشمیری اور خورشید رضوی کے علاوہ بھی کچھ لوگوں سے انٹرویو کرنا چاہیے تھا۔۔۔“ میں نے وضاحت کی اور ان کی توصیف پر خوشی سے پھولے نہ سمایا۔ وولنر کی سوانح میں ایک جگہ، میں نے انارکلی بازار کو تاریخی فکشن کے روپ میں زندہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ مرحوم کو یہ کاوش خاص طور پر پسند آئی، کہنے لگے: ” لاہور کو اس ڈھب سے دنیا کو دکھانے کی خاص ضرورت ہے۔“
میرے علم میں نہیں، قرشی صاحب کے نامکمل مضامین اور منصوبوں کا کیا بنا۔ کچھ عرصہ پہلے معلوم ہوا تھا: ابوالخیر مودودی کے مضامین کی تدوین مکمل ہو چکی ہے، اب اس کتاب کا دیباچہ لکھا جا رہا ہے۔ مرحوم دیباچے کے حوالے سے مشوش تھے کہ مبسوط اور تفصیلی ہو۔ اگلے چند ہفتوں میں انھوں نے کسی انگریزی اخبار کا ذکر بھی کیا (افسوس میں نام بھول گیا)، جس کے مدیر نے اُن سے جناب پروفیسر زاہد منیر عامر کی مدوّن کتاب، خطوط اکبر بنام اقبال، پر مضمون لکھنے کی فرمائش کی تھی۔ میں کتاب پڑھ چکا تھا۔ استفسار پر انھوں نے تدوین اور اکبر کے خطوط کو پڑھنے کے سلسلے میں پیش آنے والی مشکلات کا تفصیل سے ذکر کیا۔ مضمون مکمل ہو چکا تھا۔ غالباً چھپنے کی نوبت نہیں آئی۔
معمول کی اس آخری نشست میں جناب مظہر معین اور عرفان عارف خستہ بھی موجود تھے۔ اُٹھنے سے قبل انھوں نے خاکی لفافہ میرے حوالے کیا، جس میں وولنر کے طویل مضمون کی تصیح شدہ کاپی تھی۔ سرخ روشنائی سے جگہ جگہ اپنی رائے اور حسین کا اظہار کیا تھا۔
ان سے معانقہ کرتے اس بات کا شائبہ تک نہ تھا کہ اب یوم نشور کو ملنا نصیب ہو گا :
عدم کو نہیں مل کے جاتے ہیں لوگ
غم اس راہ میں کیا ہے ہم راہ کا
(میر)
