قصہ قاموس اور معارف کی الماریوں کا

آج کل شدید مصروفیت میں گزران ہے۔ کاہے کی مصروفیت، اس کا جواب نہیں ملتا۔ غالب کا شعر البتہ وردِ زباں رہتا ہے : لکھنؤ آنے کا باعث نہیں کھلتا یعنی ہوس سیر و تماشا سو وہ کم ہے ہم کو غالب تو خیر اپنا ولی ہے، اب کہیں کہیں سے کافکا بھی سمجھ آنے …

آج کل شدید مصروفیت میں گزران ہے۔ کاہے کی مصروفیت، اس کا جواب نہیں ملتا۔ غالب کا شعر البتہ وردِ زباں رہتا ہے :

لکھنؤ آنے کا باعث نہیں کھلتا یعنی
ہوس سیر و تماشا سو وہ کم ہے ہم کو

غالب تو خیر اپنا ولی ہے، اب کہیں کہیں سے کافکا بھی سمجھ آنے لگا ہے۔
We are as forlorn as children lost in the woods.

کوشش کرتا ہوں، ہفتے میں دو دن لائبریری جاتا رہوں۔ ایک بات پراسرار اور قدرے مرموز ہے۔ جب بھی کتاب خانے میں قدم جماتا ہوں، سب سے پہلے انسائکلوپیڈیا کی الماریاں متوجہ کرتی ہیں۔ معارف اور قاموس سے بھری ہوئی بھاری بھرکم آبنوسی الماریاں۔ شیشوں پر وقت نے آڑے ترچھے نقوش بنا ڈالے ہیں۔ یہ بڑے بڑے قفل گیر، جن میں ہمارے پرکھوں کی گراں قدر یادگاریں دھری ہیں:

ہائے وہ لوگ جو پامال ہوئے میرے لیے
اور کہنے کو مرا سارا سفر ذاتی ہے
(سلیم کوثر)

filter: 0; jpegRotation: 90; fileterIntensity: 0.000000; filterMask: 0; module:1facing:0;
hw-remosaic: 0;
touch: (-1.0, -1.0);
modeInfo: ;
sceneMode: Night;
cct_value: 0;
AI_Scene: (-1, -1);
aec_lux: 0.0;
hist255: 0.0;
hist252~255: 0.0;
hist0~15: 0.0;

انسان نے کتنا سوچا اور کتنا لکھا ہے! جہازی حجم کے لاکھوں صفحات۔ چرند پرند، کھیت کھلیان، جانور وحشی انسان، شہر دیہات، خیال گمان، ہنسی مذاق، فلسفہ حکمت ۔۔۔ بیسیوں طرح کے معارف، سیکڑوں طرح کے قاموس۔ گرد کی تہ میں گم ہوتے تہ دار طومار۔ عجیب بے بسی کا احساس ہوتا ہے۔ علم کا ذخار و خاموش سمندر اور باہر پھیلی اُتھلی بے چینی۔ الہی دانش کے اس محیط کی شناوری کیوں کر ہو۔ یا باب العلم!

یہ تاسف الگ کہ گوہر و لعل مٹی میں مل رہے ہیں۔ جب درّ و الماس کی دستیابی ایک جنبش پر ہو اور آنکھیں چندھیانے لگیں، جہازی عقیقوں کی گرد کون کھائے گا۔ ایک دور تھا جب مشرقی عاشق چہرے پر گُل کھاتا تھا اور اپنا آپ منواتا تھا۔ اب منہ پر مَلنے کو خاک بھی نہیں۔ دونوں حسرتوں پر میر کے دو شعر سن لیجیے :

دل کو کہیں لگنے دو میرے کیا کیا رنگ دکھاؤں گا
چہرے سے خونناب ملوں گا پھولوں سے گل کھاؤں گا

عشق میں دم مارا نہ کبھو تم چپکے چپکے میرؔ کھپے
لوہو منھ سے مل کر اب فریاد کرو تو بہتر ہے

پہلے شعر کی کیفیت گزر چلی ہے، کیوں نہ دوسرے کے ساتھ فریاد کناں ہوا جائے۔

معارف اور قاموس پڑھنے بل کہ دیکھنے کی چاٹ مجھے برنارڈ شا اور بورخیس سے لگی۔ معروف ہے، شا نے برٹش میوزیم میں محفوظ انسائیکلوپیڈیا بریٹانیکا کی ساری جلدیں چاٹ رکھی تھیں۔ مطالعے کی انھی نشستوں سے اسے دولت کا بڑا حصہ برٹش میوزیم کے نام کرنے کی سوجھی۔ ایک انٹرویو میں جب اس سے فنی عظمت کا سوال ہوا تو اس نے کہا، لوگ ستائش سے مجھے تخت پر بٹھاتے ہیں اور میں قاموس پڑھ پڑھ کر اوقات میں آ جاتا ہوں۔ من آنم کہ من دانم : خاکساری اپنی کام آئی بہت!

بورخیس سیہ چشمی کے سالوں میں رات بھر ماں سے انسائیکلوپیڈیا سنا کرتا تھا۔ لفظوں کو جگر گوشے مان کر سجاتا سنوارتا۔ نئی نئی ترکیبیں ڈھالتا، خیال نکالتا، ہنستا روتا، غرض یہی نیم شب کا کاروبار تھا۔ تیس سال بند آنکھوں سے گزارنے والی اس روشن روح سے ابوالعلا معری یاد آتا ہے۔ تلخ و ترش رو معری۔ مسجد اور مدرسے میں گرتا پڑتا، دھکے کھاتا، دشنام طرازیاں کرتا نحوی و فلسفی معری۔ لوگ معری کی گالیاں سننے کو بے چین رہتے کہ ہر دشنام بلاغت کی نئی اور مخملی پوٹلی ہوتی۔ کیا عجب غالب کو یہ خیال معری ہی سے سوجھا ہو:

کتنے شیریں ہیں تیرے لب کہ رقیب
گالیاں کھا کے بے مزا نہ ہوا

قصہ کوتاہ انسائیکلوپیڈیا وہاں پہنچا سکتے ہیں، جہاں پہنچنا قدموں کے بس میں نہیں اور وہ دکھا سکتے ہیں، جنھیں آنکنا پُتلی کے دائرے میں نہیں۔ میں نے گزری سردیوں میں قطب شمالی و جنوبی کے چند قاموس کھنگالے۔ سفید بھالوؤں کے ساتھ دوڑا، مچھلیوں کے ساتھ پیرا اور برفوں کے ساتھ گرتا رہا۔ رات جب میری بیٹی نظم کی فرمائش کرتی، میں انھی بھالوؤں، مچھلیوں اور برفوں کے توتے بنا بنا کر اڑاتا بہاتا۔ اس سے بڑھ کر کیا چاہیے۔ برفوں سے یاد آیا، نیّر مسعود نے اپنے انٹرویو میں قطب شمالی میں گرنے والی برف کی دسیوں قسموں کے فرق پر فکشن لکھنے کی حسرت کی ہے، اے بسا آرزو کہ خاک شدہ! یار لوگوں کے ہاں دو چار علامتوں سے آگے دیکھنے کا رواج نہیں۔ رواج کیوں کر ہو، مشاہدہ کم ہے تجربہ و مطالعہ کم تر۔ معروف انگریزی لغت نویس سیموئیل جانسن راتوں کو جاگ کر لفظوں پر غور کرتا تھا۔ جانسن کا قول تھا، دن لفظ کو برتنے کے لیے ہے اور رات اس میں اترنے کے لیے۔ یہ وہی جانسن ہے، جسے ایک عورت نے کہا تھا، تمہاری لغت میں فلاں لفظ درج ہونے سے رہ گیا، کیا وجہ بنی۔ اس نے جواب دیا : جہالت محترمہ جہالت! جانسن تو خیر دور کا مال ہے۔ ہمارے واسطے غالب کافی ہے۔ فارسی جلد بندوں کی کتابوں پر نشست جمائے اور ہنستے مسکراتے نسخے ہضم کرتا، اسد اللہ خان غالب۔ غالب نے گھر میں کتابیں جمع نہ کیں لیکن کوئی شے پڑھنے سے نہ چھوٹی۔ یہ بھاری نسخے رات میں لطافت کا سامان بن جاتے۔ غالب چراغ گل کرتا، ایک ایک شعر بنانے میں رات گزارتا اور دماغ کا تیل جلاتا : نہ ستائش کی تمنا نہ صلے کی پروا

شافعی و رازی گزر گئے، اب یہ شعر کہنے والا بھی کوئی نہ رہا :

بقدرِ الكدِّ تُكتَسَبُ المعالي … ومَن طلبَ العُلا سَهِرَ الليالي
ترغو العزَّ ثم تنامُ ليلاً … يغوصُ البحرَ مَن طلبَ اللآلي

(بلند مرتبے مشقت کے عوض ہی ملتے ہیں، جو شخص عظمت کا طلب گار ہو، وہ راتوں کو جاگتا ہے۔ تم سربلندی کی امید رکھتے ہو، مگر رات کو سو جاتے ہو؛ موتیوں کا طالب وہی ہوتا ہے جو گہرائیوں میں غوطہ لگاتا ہے۔)

اوپر نیّر مسعود کا ذکر ہوا۔ نیّر مسعود کو اِدھر اُدھر کی چیزیں پڑھنے کا بہت شوق تھا۔ کیڑے مکوڑے، درخت پودے، جڑی بوٹیاں، کاغذ ترشے، قلم پنسل۔ ان کے رجسٹروں پر تمثال مسعود لکھ چکے ہیں۔ دو چار سال پہلے ایک امریکی مصنفہ کی کتاب کا اردو ترجمہ ہوا، ”نیوٹن : ایک پراسرار سائنس دان“۔ میں نے اشتیاق سے خریدا۔ معلوم ہوا، نیوٹن کا ایک شوق تراشے جوڑ کر ان پر ”مزید کیا جاننا چاہیے“ کی فہرستیں تیار کرنا تھا۔ نیوٹن کے ماہرین ان پلندوں کو Commonplace Books کہتے ہیں۔ لیجیے ھل من مزید کے معانی میں اَور کشادگی در آئی۔

انسائیکلوپیڈیا سے یاد آیا، نیّر مسعود کو پلپ لٹریچر اور روزمرہ سائنس کی کتابیں پڑھنے کا بہت شوق تھا۔ ایچ جی ویلز ان کے پسندیدہ لکھنے والوں میں سے تھے۔ کبوتر با کبوتر باز با باز کے مصداق ویلز کو بھی کولرج کی طرح All human knowledge کے حصول کی تڑپ رہتی تھی۔ ویلز کا کہنا تھا، پڑھنے کے واسطے کچھ ایسا ہو جسے پوری دنیا کا دماغ کہا جا سکے یعنی World Brain۔ آرزو کی صداقت میں کیا شبہ لیکن معاملہ وہی ہے : گفت آنکہ یافت می نہ شود آنم آرزوست۔ خود کولرج نے الف لیلہ کو مشرق کا قاموس کہا ہے۔ بچپن میں وہ ان کہانیوں کو ایسی رغبت اور بے خودی سے پڑھتا تھا کہ اس کے والد نے خوف سے عربی قصوں کو نذر آتش کر دیا۔ عربی قصوں سے مجھے ابوالفرج اصفہانی کی کتاب الاغانی اور ابن خلدون بھی یاد گیا۔ ابن خلدون کا قاعدہ تھا کہ سفر کے دوران کچھ کتابوں سے لدھے اونٹوں کو ساتھ رکھتا۔ کتاب الاغانی کے بعد وہ اسی کی بیس جلدوں کو سفر و حضر میں گرہ میں رکھتا تھا اور انھیں دیوان العرب کہتا تھا۔

اب یہ قصے باتوں کی خورجینوں کے سوا کچھ نہیں ہیں۔ الماریاں بند ہیں اور کتاب خانے سونے۔ پڑھنے والوں سے مایوسی نہیں لیکن کتابوں کی صورتِ حال سے دل گرفتہ ہوں۔ میرا عالم دیکھیے کہ انسائیکلوپیڈیا کو رو رہا ہوں، حال یہ ہے :

یاں پلیتھن نکل گیا واں غیر
اپنی ٹکّی لگائے جاتا ہے

ارسلان راٹھور
25 نومبر 2026ء

(یہ تحریر سپائن ٹائمز میں شائع ہو چکی ہے۔)

ڈاکٹر ارسلان راٹھور

متعلقہ مضامین

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button